Tuesday, 29 September 2026

سیرتِ نبویہ پر عمل؛ ماہ ربیع الاول کا پیغام

📜*{ سیرتِ نبویہ پر عمل؛ ماہ ربیع الاول کا پیغام*}

`پوسٹ 1`

(ابتدائیہ)
ماہ ربیع الاول کی آمد سے ہر مسلمان کو آقائے دو جہاں محبوب کبریاء ﷺ کی ولادت باسعادت یاد آجاتی ہے، جمال محمدی، نور مصطفوی، سیرت سرور کونین ﷺ سے واقف ہونے کی تمنا ہر ادنی سے ادنی امتی کے دل کی آرزو ہے، روئے زمین پر حضور اکرم ﷺ سے بڑھ کر کوئی محبوب نہ دیکھا گیا اور نہ دیکھا جائے گا، حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ ﷺ کے اخلاق و عادات، خصائل و شمائل، سیرت و صورت، حسن و جمال کو محفوظ کرکے امت تک پہنچایا۔
امام ترمذی رحمہ اللہ نے اپنی شہرہ آفاق کتاب "جامع ترمذی" کے آخر میں ایک رسالہ "شمائل ترمذی" کا بھی تصنیف فرمایا ہے جس میں حضور اکرم ﷺ کی مسنون اداؤں کو چھپن (56) ابواب میں جمع فرمایا ہے، اس رسالہ کی مختلف شروحات لکھی گئی ہیں، اردو میں اس کی عمدہ تشریح حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمہ اللہ نے "خصائل نبوی" کے نام سے مرتب فرمائی جو کہ محبوبانہ انداز اور محدثانہ شان میں شمائل نبوی کی اہم خدمت ہے، حضرت واصف منظور صاحب نور اللہ مرقدہ بھی اس کتاب سے درس دیتے اور مزید اسوہ نبوی کے پہلو کو اجاگر فرماتے تھے، الحمد للہ! اللہ تعالی کی توفیق سے راقم نے "واصف الخصائل فی شرح الشمائل المعروف شمائل نبوی" ان دروس کے خلاصہ کو مرتب کیا ، جس میں بہت سے شمائل نبوی کے پہلو کو جمع کردیا، اسی کتاب سے اس ماہ مبارک کی مناسبت سے چند اہم موضوعات کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے، اللہ تعالی اس کو قبول فرمائے اور سیرت نبویہ کے حقیقی مقصد یعنی عملی زندگی میں اسوہ حسنہ کے خوبصورت رنگ کو بھرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔(✍: سفیان بلند)

اس مبارک سلسلہ کے موضوعات :
١- حضور اکرم ﷺ کا حلیہ مبارک
٢- حضور اکرم ﷺ کی مہر نبوت
٣- حضور اکرم ﷺ کا بالوں میں کنگھا کرنا، خضاب لگانا، سرمہ اور خوشبو استعمال فرمانا۔
٤- حضور اکرم ﷺ کا لباس، عمامہ، لنگی، موزہ اور جوتے
٥- حضور اکرم ﷺ کی انگوٹھی
٦- حضوراکرم ﷺ کی رفتار اور سواریاں
٧- حضور اکرم ﷺ کی نشست اور تکیہ
٨- حضور اکرم ﷺ کا کھانا تناول فرمانا
٩- حضور اکرم ﷺ کا پیالہ اور مشروبات
١٠- حضور اکرم ﷺ مختلف پھل تناول فرمانا اور آپ کی گفتگو اور مسکرانا، مزاح فرمانا
١١- حضور اکرمﷺ کا بستر اور سونا
١٢- حضور اکرم ﷺ کی گریہ و زاری اور گھر میں نوافل پڑھنا
١٣- حضور اکرم ﷺ کی حیاء اور پاکیزہ زندگی
١٤- حضور اکرم ﷺ کے اسمائے گرامی اور القابات قرآنی
یہ چودہ اقساط کا دائرہ مل کر بدر منیر بن جائے گا جو ہر عاشق رسولﷺ کے لئے مینارہ نور ہے۔



*📜{ سیرتِ نبویہ پر عمل؛ ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 2.*

`حضور اکرم ﷺ کا حلیہ مبارک`💫❣️✨

*حضور اکرم ﷺ کے جمال مبارک کی کماحقہ تعبیر کرنا ممکن نہیں، حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے اپنی ہمت اور وسعت کے جو کچھ ضبط فرمایا اس کا خلاصہ پیش ہے:*

*حضرت علی رضی اللہ عنہ جب حضور اکرم ﷺ کے حلیہ مبارک کا بیان فرماتے تو کہا کرتے تھے، کہ حضور ﷺ نہ زیادہ لمبے تھے، نہ زیادہ پستہ قد بلکہ میانہ قد لوگوں میں تھے، حضور اکرم ﷺ کے بال مبارک نہ بالکل پیچدار تھے نہ بالکل سیدھے، بلکہ تھوڑی سی پیچیدگی لئے ہوئے تھے، نہ آپ ﷺ موٹے بدن کے تھے نہ گول چہرہ کے البتہ تھوڑی سی گولائی آپ کے چہرہ مبارک میں تھی (یعنی چہرہ انور نہ بالکل گول تھا نہ بالکل لمبا بلکہ دونوں کے درمیان تھا) حضور ﷺ کا رنگ سفید سرخی مائل تھا، حضور ﷺ کی مبارک آنکھیں نہایت سیاہ تھیں اور پلکیں دراز، بدن کے جوڑوں کی ہڈیاں موٹی تھیں (مثلا کہنیاں اور گھٹنے) اور ایسے ہی دونوں مونڈھوں کے درمیان کی جگہ بھی موٹی اور پُر گوشت تھی، آپ ﷺ کے بدن مبارک پر (معمولی طور سے زائد) بال نہیں تھے (یعنی بعض آدمی ایسے ہوتے ہیں کہ ان کے بدن پر بال زیادہ ہو جاتے ہیں حضور اقدس ﷺ کے بدن مبارک پر خاص خاص حصوں کے علاوہ جیسے بازو پنڈلیاں وغیرہ ان کے علاوہ اور کہیں بال نہ تھے) آپ ﷺ کے سینہ مبارک سے ناف تک بالوں کی لکیر تھی، آپ ﷺ کے ہاتھ اور قدم مبارک پُر گوشت تھے، جب آپ ﷺ تشریف لے چلتے تو قدموں کو قوت سے اٹھاتے گویا کہ پستی کی طرف چل رہے ہیں، جب آپ کسی کی طرف توجہ فرماتے تو پورے بدن مبارک کے ساتھ توجہ فرماتے تھے (یعنی یہ کہ صرف گردن پھیر کر کسی کی طرف متوجہ نہیں ہوتے تھے، اس لئے کہ اس طرح دوسروں کے ساتھ لا پرواہی ظاہر ہوتی ہے اور بعض اوقات متکبرانہ حالت ہو جاتی ہے، بلکہ سینہ مبارک سمیت اس طرف رخ فرماتے ) آپ ﷺ کے دونوں مبارک شانوں کے درمیان مہر نبوت تھی، نبیوں کےآپ ﷺ ختم کرنے والے تھے، آپ ﷺ سب سے زیادہ سخی دل والے تھے اور سب سے زیادہ سچی زبان والے تھے، سب سے زیادہ نرم طبیعت والے تھے اور سب سے زیادہ شریف گھرانے والے تھے (غرض آپ ﷺ دل و زبان، طبیعت، خاندان اوصاف ذاتی اور نسبتی ہر چیز میں سب سے زیادہ افضل تھے) آپ ﷺ کو جو شخص یکایک دیکھتا مرعوب ہو جاتا تھا (یعنی آپ ﷺ کا وقار اس قدر زیادہ تھا کہ اول وہلہ میں دیکھنے والا رعب کی وجہ سے ہیبت میں آ جاتا تھا) اول تو جمال وخوبصورتی کے لئے بھی رعب ہوتا ہے شوق افزوں مانع عرض تمنا آداب حسن بارہا دل نے اٹھائے ایسی لذت کے مزے اس کے ساتھ جب کمالات کا اضافہ ہو تو پھر رعب کا کیا پوچھنا!! اس کے علاوہ حضور اکرم ﷺ کو جو مخصوص چیزیں عطا ہوئیں، ان میں رعب بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کیا گیا اور جو شخص پہچان کر میل جول کرتا تھا وہ (آپ ﷺ کے اخلاق کریمہ واوصاف جمیلہ کا گھائل ہو کر) آپ ﷺ کو محبوب بنا لیتا تھا، آپ ﷺ کا حلیہ بیان کرنے والا صرف یہ کہہ سکتا ہے کہ میں نے حضور اکرم ﷺ جیسا باجمال و باکمال نہ حضور ﷺ سے پہلے دیکھا نہ بعد میں دیکھا۔ ( ﷺ )*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا قد مبارک`💫❣️✨
*نہ بہت لمبے نہ پستہ قد بلکہ درمیانہ اور معتدل قد مبارک تھا ، بالکل متوسط قد والے سے کسی قدر طویل تھا البتہ آپ کا معجزہ تھا کہ مجمع میں سب سے لمبے معلوم ہوتے تھے۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا سر مبارک اور بدن مبارک💫❣️✨`
*سر مبارک تناسب کے ساتھ بڑا تھا اور بدن مبارک پر سینہ سے ناف تک بالوں کی ایک لکیر تھی، اس لکیر کے علاوہ دونوں چھاتیاں اور پیٹ بالوں سے خالی تھا، البتہ دونوں بازو، کندھوں اور سینہ کے بالائی حصہ پر بال تھے، بدن مبارک ٹھوس تھا، لٹکا ہوا جسم نہ تھا، بدن کے اعضاء خوبصورت اور نورانی تھے۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ مبارک`💫❣️✨
*آپ کا رنگ نہایت چمکدار اور کھلتا ہوا تھا، چہرہ مبارک بالکل گول نہ تھا بلکہ تھوڑی سی گولائی تھی، چہرہ مبارک چودھویں کے چاند کی طرح چمکتا تھا، پیشانی مبارک کشادہ تھی، ڈاڑھی مبارک گنجان اور بھرپور تھی، دہن مبارک اعتدال کے ساتھ فراخ تھا، یہ فصیح و بلیغ فرد کی نشانی ہے۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھ مبارک`💫❣️✨
*آنکھیں سیاہ تر، پلکیں دراز، آنکھوں کا شگاف تناسب کے ساتھ زیادہ تھا، سرخ دھاریاں بھی تھیں، جب کسی سے بات فرماتے تو بقدر ضرورت دیکھتے اور حیاء کی وجہ سے آنکھیں نیچی فرما لیتے۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے بال مبارک💫❣️✨`
*بال مبارک کسی قدر بل کھائے ہوئے تھے، اگر بالوں میں اتفاقاً مانگ نکل آتی تو مانگ رہنے دیتے ورنہ چھوڑ دیتے اور اگر نکالتے تو درمیان سے نکالتے۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بھوئیں مبارک`💫❣️✨
*بھوئیں گھنی لیکن باریک تھیں اور بالکل ملی ہوئی بھی نہ تھیں، دونوں ابرو کے درمیان ایک رگ تھی جو غصہ کے وقت ابھر جاتی تھی۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ناک مبارک`💫❣️✨
*تناسب کے ساتھ لمبی تھی جس پر نور چمکتا تھا، ابتداءً دیکھنے والا آپ کو بڑی ناک والا سمجھتا جو کہ نور و حسن کی وجہ سے محسوس ہوتا۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے رخسار مبارک اور گردن مبارک💫❣️✨`
*رخسار مبارک نرم اور ہموار تھے، اسی طرح گردن مبارک نرم اور چمکدار تھی۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے دانت مبارک`💫❣️✨
*دندانِ مبارک باریک اور آبدار تھے، سامنے کے دو دانت مبارک یعنی ثنایا کے درمیان فاصلہ تھا۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے سینہ مبارک💫❣️✨`
*سینہ مبارک چوڑا تھا، دونوں کاندھوں کے درمیان نسبتاً زیادہ فاصلہ تھا، یہ سخاوت و شجاعت کی علامت ہے۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی رفتار مبارک`💫❣️✨
*تیز چلتے، جھک کر چلتے اور پیر اٹھاکر چلتے یعنی گھسٹتے ہوئے نہیں چلتے تھے، ذرا کشادہ قدم رکھتے ، چھوٹے چھوٹے قدم نہیں رکھتے تھے، چلتے تو ایسا معلوم ہوتا کہ گویا پستی میں اتر رہے ہیں۔*

`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ مبارک اور پاؤں مبارک`💫❣️✨
*کشادہ اور گوشت سے بھری ہوئیں، یہ قوت و شجاعت کی علامت ہے، بازو مبارک بڑے اور ہتھیلیاں چوڑی تھیں، انگلیاں تناسب کے ساتھ بڑی تھیں، کلائیاں مبارک دراز تھیں، تلوے قدرے گہرے تھے۔*
 *الغرض حلیہ مبارک میں ہر ہر چیز کمال حسن کو پہنچی ہوئی تھی۔*




*{ سیرتِ نبویہ پر عمل؛ ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 3.*

`حضور اکرمﷺ کا کنگھی فرمانا`💫❣️✨

*حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ اپنے سر مبارک پر اکثر تیل کا استعمال فرماتے تھے اور اپنی ڈاڑھی مبارک میں اکثر کنگھی کیا کرتے تھے اور اپنے سر مبارک پر ایک کپڑا ڈال لیا کرتے تھے جو تیل کے کثرت استعمال سے ایسا ہوتا تھا جیسے تیلی کا کپڑا ہو۔*
*حضور اکرم ﷺ اپنے وضو کرنے میں، کنگھی کرنے میں، جوتا پہننے میں (غرض ہر امر میں) دائیں کو مقدم رکھتے تھے، یعنی پہلے دائیں جانب کنگھا کرتے پھر بائیں جانب، کبھی خود کنگھی فرماتے اور کبھی ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کرواتے، یہ گھر کی معاشرت کا نمونہ ہے، آپ ﷺ سے مانگ نکالنا اور سدل کرنا یعنی بالوں کو پیچھے کرنا دونوں ثابت ہیں، مانگ نکالنے کو آخری عمل بتلایا گیا ہے۔(ملا علی قاری رحمہ اللہ)*

`تیل لگانے کا مسنون طریقہ`💫❣️✨
*آپ ﷺ ڈاڑھی کو کبھی پانی سے سنوارتے کبھی تیل سے، تیل لگانے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ تیل بائیں ہاتھ میں رکھے، دائیں ہاتھ سے دونوں بھوؤں پر لگائے، آنکھوں اور سر پر لگائے، تیل کی ابتداء پیشانی سے کرے کہ اس سے سر کا درد دور ہوتا ہے، ایک روایت کے مطابق تیل لگاتے وقت بسم اللہ نہ پڑھنے پر ستر شیاطین ساتھ ہو جاتے ہیں۔*

`ڈاڑھی میں تیل لگانے کا مسنون طریقہ💫❣️✨`
*پہلے ریش میں لگائے پھر بقیہ ڈاڑھی میں دائیں بائیں کرکے لگائے، ڈاڑھی میں تیل لگانا اور کنگھی کرنا سنت ہے اور ایک مشت سے زائد ڈاڑھی کو طول و عرض سے کم کرنا بھی سنت ہے، حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین عظام رحمہم اللہ سے بھی ایک مشت سے زائد ڈاڑھی کا کم کرنا منقول ہے، اسی طرح آپ ﷺ اپنی لبوں کو کتر لیتے تھے اور یہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی بھی سنت ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کیا کرتے تھے۔(ترمذی)*

`کنگھی کا مسنون طریقہ`💫❣️✨
*پہلے دائیں جانب، پھر بائیں جانب کرے، تکبر کی نیت نہ ہو تو روزانہ کرے ورنہ ایک دن ناغہ کرے، صفائی ستھرائی کا اہتمام لازمی ہے، بالوں اور لباس کا پرا گندہ رکھنا تعلیمات نبوی کے خلاف ہے۔*

`حضور اکرم ﷺ کا خضاب لگانا`💫❣️✨
*حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو بالوں کو خضاب کیا ہوا دیکھا۔ آپ ﷺ سے خضاب لگانے اور نہ لگانے دونوں کی بابت روایات ہیں، خلاصہ یہ ہے آپ ﷺ ورس اور زعفران سے بالوں کو دھوتے تو اس کا کچھ اثر باقی رہ جاتا یا عطر و تیل کی وجہ سے خضاب والے معلوم ہوتے یا سر درد کی وجہ سے سر میں مہندی لگائی تو اس کو مجازاً خضاب کہ دیا گیا۔*
*بالوں کو کالا کرنا خواہ خضاب سے ہو یا کالی مہندی سے، مکروہ تحریمی ہے البتہ براؤن رنگ لگانا جائز ہے۔ (امداد الفتاوی)*

`حضور اکرم ﷺ کا سرمہ لگانا`💫❣️✨
*حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے یہ ارشاد فرمایا کہ تمہارے سب سرموں میں سرمہ اثمد بہترین سرمہ ہے، آنکھ کو بھی روشنی پہنچاتا ہے اور پلکیں بھی اگاتا ہے۔*
*حضور اکرم ﷺ کے پاس ایک سرمہ دانی تھی جس سے سونے کے وقت تین تین سلائی آنکھ میں ڈالا کرتے تھے۔*

`سرمہ لگانے کا مسنون طریقہ`💫❣️✨
*تین طریقے مسنون ہیں :*
*1- دونوں آنکھوں میں مشترکہ طور پر تین تین سلائی لگائے۔*
*2- پہلے دائیں آنکھ میں تین لگائے پھر بائیں آنکھ میں تین لگائے۔*
*3- دونوں آنکھوں میں الگ الگ دو دو لگائے اور پھر ایک سلائی دونوں آنکھوں میں مشترکہ لگائے۔*

*آپ ﷺ سفر و حضر میں پانچ چیزیں ساتھ رکھتے تھے : آئینہ، سرمہ دانی، کنگھی، تیل اور مسواک۔*

`حضور اکرم ﷺ کا خوشبو لگانا`💫❣️✨
*حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تین چیزیں نہیں لوٹانی چاہئیں : تکیہ، خوشبو اور دودھ، بعض روایات میں تیل کا بھی ذکر ہے۔*
*حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ مجھے جو بہترین خوشبو میسر آتی وہ میں حضور اکرم ﷺ کو لگاتی، یہاں تک کہ اس خوشبو کی چمک مجھ کو آپ ﷺ کے سر اور داڑھی میں نظر آتی۔ (بخاری ومسلم )*
 *آپ ﷺ نے یہ ارشاد فرمایا کہ مردانہ خوشبو وہ ہے جس کی خوشبو پھیلتی ہوئی ہو اور رنگ غیر محسوس ہو (جیسے کیوڑہ وغیرہ) اور زنانہ خوشبو وہ ہے جس کا رنگ غالب ہو اور خوشبو مغلوب (جیسے حنا، زعفران وغیرہ)*
*آپ ﷺ کے بدن مبارک سے خود خوشبو مہکتی تھی، آپ کے پسینہ مبارک کی خوشبو بھی ہر خوشبو سے زیادہ عمدہ تھی، آپ کے لعاب مبارک کی خوشبو مشک سے زیادہ تھی۔*

*عطریات میں آپ ﷺ کو عود قماری (ہندوستانی عود کی قسم) بہت پسند تھا، مشک و عنبر بھی استعمال فرمایا اور خالص عود کی دھونی اور عود بمعہ کافور کی دھونی بھی پسند فرمائی، آپ کے پاس عطر دان تھا جس سے خوشبو لگاتے تھے، اجتماعات، مجالس، تہجد، عیدین، احرام میں نیت سے قبل اور زوجین کی باہمی ملاقات کے وقت خوشبو لگانا سنت ہے اور عورت کے لئے ایام سے فراغت کے بعد خوشبو لگانا پسندیدہ ہے۔*


*اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ .*
*اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ.*❤️‍🩹

*السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ*🫀



*{ سیرتِ نبویہ پر عمل؛ ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 4.*

`حضور اکرمﷺ کی مہر نبوت💫❣️✨`

*حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کی مہر نبوت کو آپ ﷺ کے دونوں مونڈھوں کے درمیان دیکھا جو سرخ رسولی جیسی تھی اور مقدار میں کبوتر کے انڈے جیسی تھی۔*
*حضرت عمرو بن اخطب رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ مہر نبوت کیا چیز تھی؟ انہوں نے جواب دیا کہ چند بالوں کا مجموعہ تھا۔*

`مہر نبوت کی مشابہت`💫❣️✨
*روایات میں مختلف مشابہت مذکور ہیں :*
*کبوتری کے انڈے کے مثل، ابھرے ہوئے گوشت کی مثل، مٹھی کے ہم شکل، سیپ کے مثل، بندوق کی گولی کے مثل، مسہری کی گھنڈی کے مثل، نیزے کے خول کی مانند، ہر صحابی نے اپنے اپنے اعتبار سے بیان فرمایا۔ یہ حصہ ابھرا ہوا تھا اور اس جگہ بال تھے۔*
*اس پر محمد رسول اللہ اور سر فأنت منصور لکھا ہوا تھا (علی اختلاف الروایات) یہ پیدائشی مہر تھی، بعض کے مطابق شق صدر کے موقعہ پر فرشتوں نے لگائی تھی، اس سے ختم نبوت کی طرف اشارہ تھا، اس سے مشک کی خوشبو آتی تھی ممکن ہے کہ پورے معطر بدن کی خوشبو وہاں معلوم ہوتی ہو کیونکہ آپ ﷺ کا پسینہ مبارک خوشبو دار تھا تو وہاں پسینہ ہونے پر زیادہ خوشبو معلوم ہوتی ہو۔*

`حضور اکرم ﷺ کے بال مبارک`💫❣️✨
*حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کے بال مبارک نصف کانوں تک تھے۔*
*بال مبارک کی مختلف صورتیں مختلف احوال کے اعتبار سے ہوتی تھیں :*
*وفرہ ، لمہ ، جمہ (ان کو یاد کرنے کے لئے ہر ایک کا ابتدائی حرف ملالیں تو ولج بنتا ہے)*
 `وفرہ` : *وہ بال جو کانوں کی لو تک ہوں۔*
 `لمہ` : *وہ بال جو کانوں سے نیچے اور کندھوں سے اوپر ہوں۔*
 `جمہ` : *وہ بال جو کندھوں تک پہنچ جائیں۔*

*عام طور پر بال مبارک کانوں کی لو تک ہوتے اور جب چھوڑ دیتے تو گردن تک آجاتے، بال کی مسنون مقدار کانوں کی لو اور اس کے قریب ہے، کندھے کے نیچے آجانا خلاف سنت ہے، اگر بال مبارک بہت زیادہ لمبے ہو جاتے تب بھی کندھے تک ہوتے۔*
*بال مبارک میں بیس سے زیادہ سفید بال نہ تھے، صرف چار مواقع پر سر منڈوانے کا ذکر ملتا ہے :*
١- *حدیبیہ* ٢- *عمرة القضاء* ٣- *عمرہ جعرانہ* ٤- *حجة الوداع* 

*بال رکھنا سنت ہے اور سنت طریقے سے رکھے جائیں، نئے نئے فیشن کی طرح نہ رکھے، حدیث میں قزع کی ممانعت آئی ہے، قزع کا مفہوم یہ ہے کہ سر کے بعض بالوں کو مونڈا جائے اور بعض کو چھوڑ دیا جائے۔*

*زلفیں بڑا رہے، داڑھی رکھا رہے۔ افسوس یے سنت نہیں فیشن پر عمل ہے۔*
*نیت بدل کر دیکھو اللہ تمہاری زندگیاں بدل دیگا*



*{ سیرت نبویہ پر عمل؛ ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 5.*

`حضور اکرم ﷺ کا لباس مبارک`💫❣️✨

*حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے منقول ہے کہ حضور اکرم ﷺ سب کپڑوں میں کرتے کو زیادہ پسند فرماتے تھے۔*
*آپ ﷺ کا کرتا سوت کا بنا ہوا تھا، جو زیادہ لمبا بھی نہ تھا اور اس کی آستین بھی زیادہ لمبی نہ تھی، ایک روایت میں ہے کہ کرتا مبارک ٹخنوں سے اونچا ہوتا تھا، علامہ شامی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ نصف پنڈلی تک ہونا چاہیئے، علامہ جزری رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ آستین پہونچے تک ہو، انگلیوں سے متجاوز نہ ہو۔*

`لباس نبوی کی کیفیت`💫❣️✨
*آپ ﷺ نے مختلف لباس استعمال فرمائے ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں :*
*1- کرتا : سوتی کرتا پسندیدہ تھا اور مرض وفات میں بھی یہی زیب تن تھا۔*
*2- جبہ : تنگ آستین والا اونی جبہ تھا، آپ کے پاس شامی اور رومی جبہ بھی تھا، سفر میں استعمال فرماتے تھے، ریشمی جبہ بھی تھا جو دشمن سے مقابلہ کے وقت استعمال فرماتے۔*
*3- جوڑا : سرخ دھاری دار جوڑا تھا جو خاص مواقع مثلا جمعہ، عیدین اور استقبال وفود پر زیب تن فرماتے، عام حالات میں لباس سادہ ہوتا تھا۔*
*4- نمشین : چمڑے کا صدری نما لباس جو کہ ریشم اور سندس کی بنائی تھی، ریشم کو پٹی میں استعمال کیا تھا، پوری صدری ریشم کی نہ تھی کہ یہ ممنوع ہے۔*
*5- برنس : جبہ سے ملی ہوئی ٹوپی جو سردی میں استعمال ہوتی تھی۔* 

`حضور اکرم ﷺ کی مختلف چادریں💫❣️✨`
*یمنی چادر ، اونی چادر ، بالوں والی چادر ، دھاری دار چادر (خاص مواقع کے لئے) جھالر نما چادر ، شامی منقش چادر ، مخلوط ریشم کی چادر ، کالی چادر ، موٹے کنارے والی چادر ، زغفرانی چادر.*
*چادر بھی انبیاء کرام علیہم السلام کی سنت ہے، چادر کو مختلف کاموں میں استعمال کرنا مروی ہے مثلا تکیہ بنانا، چادر کے کنارے کو سر پر ڈالنا، چادر کو دائیں کندھے یا بائیں کندھے پر رکھنا اسلاف کا طریقہ ہے اور دونوں کندھوں پر دونوں کنارے ڈالنا ممنوع ہے۔*

 `چادر کی مسنون مقدار`💫❣️✨
*دو مقدار مسنون ہیں :*
*1- چار ہاتھ لمبائی، دو ہاتھ ایک بالشت چوڑائی*
*2- چھ ہاتھ لمبائی، تین ہاتھ چوڑائی*

 `حضور اکرم ﷺ کا عمامہ مبارک`💫❣️✨
*حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ فتح مکہ میں جب شہر میں داخل ہوئے تو حضور اقدس ﷺ کے سر مبارک پر سیاہ عمامہ تھا۔*
*حضور اکرم ﷺ جب عمامہ باندھتے تو اس کے شملہ کو اپنے دونوں مونڈھوں کے درمیان یعنی پچھلی جانب ڈال لیتے تھے، آپ ﷺ اکثر کالا عمامہ باندھتے تھے کیونکہ آپ کثرت سے تیل لگاتے تھے تو کالے عمامے پر تیل کا اثر زیادہ ظاہر نہ ہوتا تھا۔*
*حضور اکرم ﷺ سفر میں سفید اور حضر میں سیاہ عمامہ باندھتے، البتہ سفر میں کالا عمامہ باندھنا بھی ثابت ہے، بعض علماء کے مطابق اگر عمامہ لباس کا حصہ ہے تو اس میں دوسرے الوان کی گنجائش ہے، ایک موقعہ پر حضور اکرم ﷺ زرد قمیض، زرد چادر اور زرد عمامہ میں ملبوس تھے البتہ کسی ایک رنگ کو شعار بنا لینا اور بقیہ ثابت من السنة کو ترک کرنا درست نہیں۔*
 
`حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے عمامہ کی مقدار`💫❣️✨ 
*1- چھوٹا عمامہ : چھ ذراع کے بقدر۔*
*2- درمیانہ عمامہ : سات ذراع کے بقدر.*
*3- بڑا عمامہ : بارہ ذراع کے بقدر.*

*عمامہ شملہ اور بغیر شملہ دونوں صورتوں میں باندھنا ثابت ہے اور شملہ کی مقدار کم از کم چار انگلی کے برابر ہو اور زیادہ سے زیادہ ایک ہاتھ لمبائی ہو، اتنا لمبا ہونا کہ بیٹھنے میں کمر سے متجاوز ہو جائے، درست نہیں۔*

`نبی کریم ﷺ کا عمامہ باندھنے کا مسنون طریقہ`💫❣️✨ 
*حضور اکرم ﷺ کا ارشاد ہے کہ ہمارے اور مشرکین کے درمیان فرق ٹوپی پر عمامہ باندھنے کا ہے، چنانچہ بغیر ٹوپی کے عمامہ جائز ہے مگر مکروہ ہے۔*
*ٹوپی کو درمیان سے کھلا چھوڑنا صلحاء و علماء کا طریقہ ہے۔*
 *عمامہ خود باندھا جائے، صاف باندھا جائے، صاف رکھا جائے، کھڑے ہوکر باندھا جائے، عمامہ اس طرح باندھا جائے کہ اس سے سنت سے رغبت ہو کراہیت نہ ہو۔*

`حضور اکرم ﷺ کی لنگی مبارک`💫❣️✨
*سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت میں ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا وصال دو کپڑوں میں ہوا جس میں ایک پیوند لگی ہوئی چادر اور ایک موٹی لنگی تھی۔*

*حضور اکرم ﷺ کا عام معمول لنگی باندھنے اور چادر اوڑھنے کا تھا۔ آپ کی چادر چار ہاتھ لمبی اور اڑھائی ہاتھ چوڑی تھی اور ایک قول کے مطابق چھ ہاتھ لمبی، تین ہاتھ اور ایک بالشت چوڑی تھی۔*
*آپ کی لنگی چار ہاتھ اور ایک بالشت لمبی اور دو ہاتھ چوڑی بتائی جاتی ہے۔*

`نبی کریم ﷺ کا لنگی باندھنے کا طریقہ💫❣️✨`
*حضور اکرم ﷺ لنگی نصف ساق تک رکھتے تھے، تہبند کے اگلے حصہ کو نیچا رکھتے اور پچھلے حصہ کو اونچا رکھتے تھے۔*

`حضور پاک ﷺ کا پاجامہ پہننا مستحب ہے`💫❣️✨
*اس کا پہننا مختلف فیہ ہے، راجح قول عدم ثبوت کا ہے البتہ آپ ﷺ کے ترکہ میں پاجامہ تھا، ارشاد نبوی ہے کہ پاجامہ پہنو کہ یہ تمہارے لباس میں زیادہ ستر کے لائق ہے اور عورتوں کو بھی پہناؤ جب وہ باہر نکلیں۔*
*بعض اہل اللہ مشائخ کو دیکھا ہے کہ وہ پاجامہ اور ازار (لنگی) دونوں کو جمع کرلیتے ہیں۔*

`حضور اکرم ﷺ کے موزے مبارک`💫❣️✨
*حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نجاشی شاہ حبشہ نے حضور اکرم ﷺ کے پاس سیاہ رنگ کے دو سادے موزے ہدیةً بھیجے تھے، حضور اکرم ﷺ نے ان کو پہنا اور وضو کے بعد ان پر مسح بھی فرمایا۔*

`رسول اللہ ﷺ موزے کے متعلق اسوہ حسنہ💫❣️✨`
*چند قسم کے موزے پہننا ثابت ہیں :*
*سیاہ رنگ کے موزے، چمڑے کے موزے، دبیز سوتی یا اونی موزے جسکو جورب کہتے ہیں، رموق یعنی چمڑے کا خول جو موزہ پر اسکی حفاظت کے لئے پہنا جاتا ہے۔*

`موزے کے آداب نبوی ﷺ 💫❣️✨`
*1- پہلے دایاں پہنے پھر بایاں۔*
*2- پہننے سے قبل جھاڑ لے*
*3- دونوں پاؤں میں ایک جیسا موزہ پہنے۔*
*4- صاف ستھرا اور موسم کے اعتبار سے پہنے۔*
*5- پھٹے ہوئے موزے پہننے سے اجتناب کرے۔*

`حضور اکرم ﷺ کے جوتے مبارک`💫❣️✨
*حضرت قتادہ رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے دریافت کیا کہ حضور اکرم ﷺ کے نعل شریف کیسے تھے؟ تو انہوں نے فرمایا کہ ہر ایک جوتے میں تسمے تھے۔*

*حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما بغیر بالوں کے چمڑے کا جوتا پہنتے تھے اور فرماتے تھے کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو ایسا ہی جوتا پہنتے ہوئے اور اس میں وضو فرماتے ہوئے دیکھا ہے، اس لئے میں ایسے ہی جوتے پسند کرتا ہوں ۔*

`رسول اللہ ﷺ کے نعلین مبارک کی کیفیت💫❣️✨`
*نعل مبارک چپل نما تھا اور ہر نعل میں تسمے تھے، ایک روایت کے مطابق درمیان کا تسمہ دہرا تھا۔*
*نعل مبارک کا تلہ دہرا تھا، گائے کے چمڑے کا بنا ہوا تھا۔ نعل مبارک ایڑی نما تھا، ایک مطلب یہ ہے کہ ایڑی کی جانب کچھ نکلا ہوا تھا تاکہ پیر کا کچھ حصہ بھی باہر نہ رہے۔*
*دوسرا مطلب ایڑی کی جانب چمڑے کی ایک پٹی تھی جس سے پیر کو باندھ لیتے جیسے سینڈل نما چپل میں ہوتا ہے۔*
*نعل مبارک کا اگلا حصہ مثل زبان کے گولائی لئے ہوئے تھا، بعض علماء نے محراب کی شکل میں بتلایا ہے۔ نعل مبارک دباغت شدہ چمڑے کا تھا جس پر بال نہ تھے، یہ عربوں میں اہل وسعت لوگ استعمال کرتے تھے۔*
*چمڑے کی زردی کی وجہ سے نعل مبارک بھی زرد رنگ معلوم ہوتا تھا ۔نعل مبارک کی لمبائی ایک بالشت دو انگل، چوڑائی ٹخنے کے قریب سات انگل اور وسط قدم میں پانچ انگل اور اوپر پنجہ کے پاس سات انگل تھی، دونوں تسموں کے درمیان دو انگل کا فاصلہ تھا۔*
 
`جوتے پہننے کے آداب نبوی ﷺ`💫❣️✨
*حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ جب کوئی شخص تم میں سے جوتا پہنے تو دائیں سے ابتداء کرنی چاہیئے اور جب نکالے تو بائیں سے پہلے نکالے، دایاں پاؤں جوتا پہننے میں مقدم ہونا چاہیئے اور نکالنے میں مؤخر۔*
*جوتے یا چپل بیٹھ کر پہنے اور کھڑے ہوکر بھی پہن سکتا ہے۔*
*ایک جوتا یا چپل پہن کر چلنا بے وقوفی ہے۔*

*اللَّهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ كَمَا أَنْتَ أَهْلُهُ فَصَلِّ وَسَلَّمْ عَلَى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ كَمَا أَنْتَ أَهْلُهُ وَافْعَلْ بِنَا مَا أَنْتَ أَهْلُه فَإِنَّكَ أَهْلُ التَّقْوَى وَأَهْلُ الْمَغْفِرَةِ۔🌹❤️‍🩹*

*السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُاللهِ وَبَرَكَاتُهُ*🫀



*{ سیرت نبویہ پر عمل ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 6.*

`حضور اکرم ﷺ کی انگوٹھی مبارک
*حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرمﷺ کی انگوٹھی چاندی کی تھی اور اس کا نگینہ حبشی تھا۔*
*آپ ﷺ نے چاندی کی انگوٹھی بنوائی تھی، اس سے خطوط وغیرہ پر مہریں لگاتے تھے۔*
*آپ ﷺ کی انگوٹھی چاندی کی تھی اور اس کا نگینہ بھی تھا۔*
*آپ ﷺ نے جب اہل عجم کو تبلیغی خطوط لکھنے کا ارادہ کیا تو لوگوں نے عرض کیا کہ عجم بغیر مہر والے خط کو قبول نہیں کرتے، اس لئے حضور اکرمﷺ نے انگوٹھی بنوائی۔*
*آپ ﷺ کی انگوٹھی کے نقش پر محمد رسول اللہ ﷺ لکھا تھا، اس طرح کہ " محمد " ﷺ ایک سطر میں تھا، "رسول" دوسری سطر میں اور لفظ " اللہ " تیسری سطر میں ہوتا تھا۔*
*آپ ﷺ نے کسریٰ اور قیصر اور نجاشی کے پاس تبلیغی خطوط لکھنے کا قصد فرمایا تو لوگوں نے عرض کیا.*
*حضور! یہ لوگ بدون مہر کے خطوط قبول نہیں کرتے ہیں اس لئے آپ ﷺ نے ایک مہر بنوائی جس کا حلقہ چاندی کا تھا اس میں محمد رسول اللہ منقش تھا۔*
*آپ ﷺ جب بیت الخلاء میں تشریف لے جاتے تو اپنی انگوٹھی نکال کر تشریف لے جاتے۔*
*آپ ﷺ سے دائیں ہاتھ اور بائیں ہاتھ دونوں میں انگوٹھی پہنا ثابت ہے۔*
*آپ ﷺ نے ایک چاندی کی انگوٹھی بنوائی، اس کا نگینہ ہتھیلی کی جانب رہتا تھا، اس میں " محمد رسول اللہ" کندہ کرایا تھا اور لوگوں کو منع فرما دیا تھا کہ کوئی شخص اپنی انگوٹھی پر یہ کندہ نہ کرائے، یہ وہی انگوٹھی تھی جو حضرت معقیب رضی اللہ عنہ سے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں بیر اریس (بئر خاتم جو کہ مسجد قبا کے ساتھ ہے) میں گر گئی تھی۔*

`آپ ﷺ کے پاس متعدد انگوٹھیاں تھیں:💫❣️✨`
*1- ایک پر محمد رسول اللہ منقش تھا۔*
*2- ایک کا نگینہ چاندی کا تھا۔*
*3- ایک کا نگینہ حبشی تھا۔*
*4- ایک کا نگینہ عقیق پتھر کا تھا جس کا رنگ سیاہ تھا۔*

`چند اہم احکام`
*1- مرد کے لئے صرف چاندی کی انگوٹھی کی اجازت ہے اور عورت کے لئے صرف سونے اور چاندی کی انگوٹھی کی اجازت ہے، اس کے علاوہ ممنوع ہے۔*
*2- انگھوٹی کو مؤثر سمجھنا غلط ہے، البتہ اتباع سنت کی نیت سے عقیق پتھر استعمال کرنا جائز ہے۔*
*3- حضرت گنگوہی اور حضرت سہارنپوری رحمہما اللہ فرماتے ہیں کہ بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہننا روافض کا شعار ہے، اس سے اجتناب بہتر ہے۔*
*4- حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ بغرض زینت دائیں ہاتھ اور بغرض مہر بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنے، بہرحال اس کا تعلق ذوق سے ہے اور ذوق نبوی کو اپنا جائے۔*
*5- انگوٹھی ہاتھ کی سب سے چھوٹی انگلی خِنصَر میں پہنی جائے اور اس کے ساتھ والی انگلی بِنصَر میں بھی اجازت ہے، شہادہ اور وسطی (درمیانی انگلی) میں ممنوع ہے اور ابہام (انگوٹھا) موزوں نہیں۔*

*نوٹ: آج کل لوگ فیروزہ نگینے کی انگوٹھی پہنتے ہیں وہ سیدنا عمر فاروق رضی ﷲ عنہ کے قاتل ابو لولو فیروز مجوسی کی طرف منسوب ہے، اس سے احتیاط کرنی چاہیے۔1*


*اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ .*
*اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ.*❤️‍🩹

*السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ*🫀



*{ سیرت النبویہ پر عمل ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 7.*

`حضور اکرم ﷺ کی نشست`
*سیدہ قیلہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے حضور اکرمﷺ کو مسجد (میں کچھ ایسی عاجزانہ صورت) میں گوٹ مارے بیٹھے دیکھا کہ میں رعب کی وجہ سے کانپنے لگی۔*
*اس طرح بیٹھنے کو عربی میں قرفصاء و حبوة اور اردو میں اکڑوں بیٹھنا، گوٹ مارنا کہتے ہیں۔*
*بعض روایات میں احتباء کا لفظ بھی آیا ہے، "قرفصاء" اور "احتباء" میں فرق یہ ہے کہ قرفصاء میں پنڈلیوں کو ہاتھ سے باندھا جاتا ہے اور احتباء میں پیٹھ اور پنڈلیوں کو کپڑے سے باندھا جاتا ہے۔*
*سیدہ عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو مسجد میں چت لیٹے ہوئے دیکھا، اس وقت حضور اکرم ﷺ اپنے ایک پاؤں کو دوسرے پاؤں پر رکھے ہوئے تھے.*

`حضور اکرم ﷺ کا تکیہ لگانا`💫❣️✨
*حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو ایک تکیہ پر ٹیک لگائے ہوئے دیکھا جو بائیں جانب رکھا ہوا تھا۔*
*آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میں تو ٹیک لگا کر کھانا نہیں کھاتا۔*

*ٹیک لگانے کی چار صورتیں*
*1- دائیں یا بائیں پہلو کو دیوار یا تکیہ سے لگانا۔*
*2- ہتھیلی سے زمین پر سہارا لینا۔*
*3- چار زانو ہو کر کسی گدی پر بیٹھنا۔*
*4- کمر کو گاؤ تکیہ یا دیوار سے لگانا۔*

*ٹیک لگا کر کھانے کی ممانعت اس وجہ سے ہے کہ اس حالت میں آدمی بے فکر ہو جاتا ہے جو کہ شرعی اور طبی اعتبار سے ناپسندیدہ ہے اور دوسرا یہ تواضع کے خلاف بھی ہے۔*

`تکیہ نبوی کی مختلف کیفیات`💫❣️✨
*آپ ﷺ کے مختلف تکیے تھے:*
*١- بالوں والا تکیہ جس کا بھراؤ کھجور کی چھال تھی۔*
*٢- چمڑے کا تکیہ جس کا بھراؤ کھجور کی چھال تھی۔*
*٣- چمڑے کا تکیہ جس کا بھراؤ گھاس اذخیر سے تھا۔*
`نبی کریم ﷺ کا تکیہ کے علاوہ کسی اور چیز پر سہارا لینا💫✨❣️`
*حضور اکرم ﷺ کی طبیعت ناساز تھی اس لئے حجرہ شریف سے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ پر سہارا کئے ہوئے تشریف لائے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نماز پڑھائی، حضور اکرم ﷺ اس وقت ایک یمنی منقش چادر لئے ہوئے تھے۔*

*حضرت فضل بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما فرماتے ہیں کہ میں حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں آپ ﷺ کے مرض الوفات کی حالت میں حاضر ہوا، حضور اکرم ﷺ کے سر مبارک پر اس وقت زرد پٹی بندھی ہوئی تھی، میں نے سلام کیا حضور اکرم ﷺ نے جواب کے بعد ارشاد فرمایا کہ اے فضل! اس پٹی سے میرے سر کو خوب زور سے باندھ دو، پس میں نے تعمیل ارشاد کی، پھر حضور اکرم ﷺ بیٹھے اور میرے مونڈھے پر ٹیک لگا کر کھڑے ہوئے اور مسجد کو تشریف لے گئے۔*

*ایک روایت میں آتا ہے کہ ان تین چیزوں (تکیہ، تیل اور دودھ) کا اگر کوئی شخص ہدیہ پیش کرے، تو اُسے انکار نہیں کرنا چاہئے، کیونکہ عموماً اِن چیزوں کے لینے دینے میں گرانی محسوس نہیں ہوتی، ایک روایت میں خوشبو کا بھی ذکر ہے۔*

*حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ، حضور اکرم ﷺ کے ذاتی خادم ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ آپ ﷺ کی خدمت میں موجود رہتے، سفر وحضر میں آپ ﷺ کی ساتھ ساتھ رہتے، جب آپ ﷺ سونے کا ارادہ فرماتے تو وہ آپ کا بستر ٹھیک کرتے اور آپ ﷺ کا تکیہ لا کر رکھتے جب آپ ﷺ وضو کے لئے اٹھتے تو وہ وضو کا پانی تیار رکھتے اور سفر وغیرہ میں آپ کے پانی کی چھاگل اپنے ساتھ رکھتے اور ضرورت کے وقت آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کر دیتے۔*


*السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ*🫀

*اللَّهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ كَمَا أَنْتَ أَهْلُهُ فَصَلِّ وَسَلَّمْ عَلَى سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ كَمَا أَنْتَ أَهْلُهُ وَافْعَلْ بِنَا مَا أَنْتَ أَهْلُه فَإِنَّكَ أَهْلُ التَّقْوَى وَأَهْلُ الْمَغْفِرَةِ*

🌹❤️‍🩹




📜*{ سیرت النبویہ پر عمل ماہ ربیع الاول کا پیغام }*

*پوسٹ 8.*

`حضور اکرم ﷺ کا کھانا تناول فرمانا`💫❣️✨

*حضور اکرمﷺ کی عادت مبارکہ یہ تھی کہ کھانے سے قبل اور بعد میں ہاتھ دھوتے تھے، یہ عمل سنتِ انبیاء کرام علیہم السلام ہونے کے ساتھ ساتھ فقر کو دور کرنے کا بھی ذریعہ ہے، اسی طرح آپ ﷺ کی عادت شریفہ تین انگلیوں سے کھانا تناول فرمانے کی تھی اور ان کو چاٹ بھی لیتے تھے، آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میں ٹیک لگا کر کھانا نہیں کھاتا۔*

 *کھانے میں برکت کے مسنون اسباب :* 
*1- ابتداءِ طعام میں بسم اللہ پڑھنا۔*
*2- کھانے سے قبل اور بعد میں ہاتھ دھونا۔*
*3- دائیں ہاتھ سے کھانا۔*
*4- اپنے سامنے سے کھانا، درمیان سے نہ کھانا۔*
*5- انگلیوں کا چاٹنا۔*
*6- برتن کو صاف کرنا۔*
*7- دستر خوان پر گرے ہوئے ٹکڑوں کو کھانا۔*
*8- مل کر کھانا، انفرادی نہ کھانا۔*
*اگر ایک ہی نوعیت اور ایک ہی قسم کا کھانا ہو تو برتن کے درمیان سے کھانا بے برکتی کا باعث ہے اور اگر مختلف اقسام کا کھانا ہو درمیان سے کھانے میں حرج نہیں۔*
*حضور اکرم ﷺ نے کبھی کھانا میز پر تناول نہیں فرمایا، نہ چھوٹی طشتریوں میں نوش فرمایا، نہ آپ ﷺ کے لئے کبھی چپاتی پکائی گئی۔*
*زمین پر بیٹھ کر کھانا سنت ہے اور کرسی ٹیبل پر بیٹھ کر کھانا بوقت ضرورت جائز ہے۔*

*حضرت یونس رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ حضور اکرم ﷺ کھانا کس چیز پر رکھ کر کھاتے تھے؟ انہوں نے جواب دیا کہ یہی چمڑے کے دسترخوان پر۔*

*حضور اکرم ﷺ کی روٹی حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کی وفات تک آپ ﷺ کے اہل وعیال نے مسلسل دو دن کبھی جو کی روٹی سے پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھایا۔*
*آپ ﷺ کے گھر میں جو کی روٹی کبھی نہیں بچتی تھی، اور آپ ﷺ نے تمام عمر میں کبھی جو کی روٹی سے بھی دو دن پے درپے پیٹ نہیں بھرا۔*

`حضور اکرمﷺ کا روٹی تناول فرمانے کی کیفیت`💫❣️✨
*آپ ﷺ نے مختلف روٹیاں مختلف نوعیت سے تناول فرمائیں :*
*جو کی روٹی، گیہوں کی روٹی، گھی کی روٹی ..... جو کی روٹی کھجور کے ساتھ، کبھی روٹی گوشت، کبھی روٹی گھی، کبھی روٹی سرکہ، کبھی روٹی زیتون.*
*روٹی درمیانی رکھی جائے کہ یہ برکت کا باعث ہے نہ بہت چھوٹی ہو اور نہ بہت بڑی ہو، روٹی کا اکرام کیا جائے، اس کے ٹکڑوں کو ادھر ادھر نہ پھینکا جائے۔*

`حضور اکرم ﷺ کا سالن`💫❣️✨
*حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے ایک مرتبہ فرمایا کہ سرکہ بھی کیسا اچھا سالن ہے۔*
*حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ کیا تم کھانے پینے کی خاطر خواہ نعمتوں میں نہیں ہو حالانکہ میں نے حضور اکرم ﷺ کو دیکھا کہ ان کے ہاں معمولی قسم کی کھجوروں کی مقدار نہ ہوتی تھی کہ جس سے شکم سیر ہو جائے۔*
*حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ زیتون کا تیل کھانے میں بھی استعمال کرو اور مالش میں بھی اس لئے کہ بابرکت درخت کا تیل ہے۔*
*حضور اکرم ﷺ کو کدو یعنی لوکی مرغوب تھا، آپ اس کو تلاش کرکے نوش فرماتے۔*
*حضور اکرم ﷺ کو میٹھا اور شہد بے انتہا پسند تھا۔*
*حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ بونگ کا گوشت کچھ لذت کی وجہ سے حضور اکرم ﷺ کو زیادہ پسند نہ تھا، بلکہ گوشت چونکہ گاہے گاہے پکتا تھا اور یہ جلدی گل جاتا، اس لئے حضور اکرم ﷺ اس کو پسند فرماتے تھے، تاکہ جلدی سے فارغ ہو کر اپنے مشاغل میں مصروف ہوں۔*

`نبی کریم ﷺ کا مختلف گوشت کھانے کی مختلف نوعیت`💫❣️✨
*آپ ﷺ سے مختلف طریقے سے مختلف قسم اور نوعیت کا گوشت کھانا ثابت ہے :*
*دست کا گوشت، پیٹھ کا گوشت، شانے کا گوشت، گردن کا گوشت، بھنا ہوا گوشت، بغیر روٹی کے تنہا گوشت، نمک لگاکر خشک گوشت، شوربا دار گوشت، ہڈی دار گوشت، کدو کے ساتھ گوشت، بکری کا گوشت، اونٹ کا گوشت، نیل گائے کا گوشت، مرغی، چکور پرندہ، مچھلی، اسی طرح پائے کھانا بھی ثابت ہے۔*
*گائے کے گوشت کے بارے میں بعض روایات کے مطابق دستر خوان پر لایا جانا مروی ہے مگر صراحت سے نوش فرمانے کا ذکر نہیں۔*
*یہ کھانے مرغوب تھے*
*حلوہ : آٹے اور گھی سے بنی میٹھی چیز۔*
*ہریسہ : گوشت اور کوٹے ہوئے گیہوں سے تیار کردہ، حلیم کے مشابہ۔*
*حلیس : کھجور، پنیر اور گھی سے بنی میٹھی چیز۔*
*خزیرہ : یہ بھی ایک قسم ہے۔*
*خبیص : گھی، گیہوں اور شہد سے تیار کردہ۔*
*ستو : جو کا ستو.*
*دشیشہ : آٹے، گوشت اور کھجور سے تیار کردہ.*
*اس کے علاوہ سرکہ، ثرید، پنیر دودھ اور زیتون بھی مرغوب تھے۔*

*اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ .*
*اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَ عَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَّجِيدٌ.*❤️‍🩹

*السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكَاتُهُ*🫀

No comments:

Post a Comment